لندن(اسپورٹس رپورٹر) — ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف میچ سے انکار پر کرکٹ کی روح اور عالمی شائقین کی توقعات کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ سپر اسٹارز پر مشتمل پاکستان چیمپئنز ٹیم کے اونر کامل خان نے بھارتی فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ فیصلہ کھیل کے جذبے اور اس کی اصل روح کے منافی ہے”۔
کامل خان کا کہنا تھا: “ہمیں گہری مایوسی ہوئی ہے کہ بھارت نے کھیل کو سیاسی اختلافات کی نذر کر دیا۔ کرکٹ وہ کھیل ہے جو قوموں کو جوڑتا ہے، اور اس فیصلے نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو مایوس کیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی اس ٹورنامنٹ میں شرکت امن، مثبت سوچ اور کھیل کی اصل روح سے وابستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “اس رکاوٹ کے باوجودہم اپنے اصولی مؤقف، نظم و ضبط، اور پیشہ ورانہ انداز سے کھیل جاری رکھیں گے۔ ہم پاکستان کے سفیر ہیں اور ملک کی نمائندگی دیانتداری اور وقار کیساتھ کرتے رہیں گے۔”
واضح رہے کہ ڈبلیو سی ایل میں پاکستان اور بھارت کے مابین متوقع ہائی وولٹیج ٹی 20 میچ کو اس وقت منسوخ کر دیا گیا جب بھارتی کھلاڑیوں — جن میں شیکھر دھون، عرفان پٹھان، اور ہربھجن سنگھ شامل ہیں — نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی کو بنیاد بناتے ہوئے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔
پاکستانی شائقین اور غیر ملکی تماشائی اس میچ کے شدت سے منتظر تھے، اور اس اچانک انکار نے نہ صرف اسپورٹس مین اسپرٹ کو نقصان پہنچایا بلکہ کھیل کے میدان میں سیاست کے عمل دخل پر نئے سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔

