بہاولپور +لاہور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) بہاولپور میں پولیس چوکی لاری اڈے کے سب انسپکٹر کی جانب سے شہری کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد پولیس افسر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
متاثرہ شہری نے الزام عائد کیا تھا کہ سب انسپکٹر نے اس سے رشوت طلب کی اور پوچھ گچھ کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، جس میں میاں بیوی دوسرے شہر سے بہاولپور آئے تھے اور ایک نجی ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔ واقعے کے بعد سب انسپکٹر کو معطل کرکے چارج شیٹ جاری کردی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سے جاری بیان میں کہا کہ ایس آئی اویس ارشد نے ہوٹل کے معائنے کے دوران شہری کو تھپڑ مارا، جس پر پولیس افسر کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کیخلاف فوجداری اور محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہریوں کی عزت اور وقار کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور صوبے بھر میں کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

