اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر حکومت سے سنجیدہ مذاکرات کے لیے وزیراعظم ہاؤس جانے کو تیار ہیں تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی راہ ہموار کی جاسکے۔
اپنے بیان میں اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے بنیادی نکات تک کا علم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عطا تارڑ کو بیان دینے سے پہلے رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری سے بات کرلینی چاہیے تھی، انہیں اعظم نذیر تارڑ سے بھی حقیقت معلوم کرنی چاہیے تھی تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ مذاکرات سے پیچھے کون ہٹا ہے۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے حکومت کو ایک مرتبہ پھر سنجیدہ مکالمے کی دعوت دی ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ وزیراعظم ہاؤس جانے کے لیے تیار ہیں تاکہ پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جاسکے۔

