ترکیہ: غیر قانونی افغان مہاجرین کیخلاف کریک ڈاؤن، 6 انسانی اسمگلر گرفتار

انقرہ(ترک محکمۂ ہجرت، افغانستان انٹرنیشنل)جرمنی اور ایران کے بعد ترکیہ میں بھی غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق ترک پولیس نے صوبوں شرناق اور بایبُرت میں کارروائیاں کرتے ہوئے 15 افغان مہاجرین سمیت 6 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بایبُرت میں ایک انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کیخلاف بھی کارروائی کی گئی، جس کے دوران 3 افغانوں کو گرفتار کیا گیا جو مبینہ طور پر تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کروانے میں ملوث تھے۔

ترک محکمۂ ہجرت کے مطابق غیر قانونی ہجرت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے سخت سرحدی نگرانی، گرفتاریوں اور فوری ملک بدری کا عمل جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔