تہران:ایران میں تازہ امریکی حملوں میں 4 افراد شہید، متعدد زخمی

تہران (رائٹرز، اے ایف پی، ایرانی سرکاری خبر رساں ادارہ ارنا، تسنیم نیوز) ایران کے مختلف شہروں پر تازہ امریکی حملوں میں 4 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مختلف شہروں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ صوبہ خوزستان کے شہر اہواز کے قریب امریکی میزائل حملے میں 4 افراد شہید اور 5 زخمی ہوئے، جبکہ صوبہ لرستان کے شہر خرم آباد میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق بندر عباس میں بھی حملوں کے دوران 2 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اندیمشک اور امیدیہ میں امریکی حملوں سے جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ دیگر متاثرہ علاقوں میں نقصانات کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف مسلسل 13ویں رات بھی فضائی کارروائیاں مکمل کی ہیں۔

سینٹکام کے جاری بیان کے مطابق 23 جولائی کو امریکی وقت کے مطابق رات 9 بجے کیے گئے حملوں میں ایران کے فوجی کمانڈ سینٹرز، ڈرون ذخیرہ گاہوں، مواصلاتی نیٹ ورکس، ساحلی نگرانی کے مراکز اور بحری عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ادھر ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین اور اردن میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔