جرمنی میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی، 2 مشتبہ گرفتار

برلن(جرمن خبر رساں ادارہ، پولیس)جرمنی کے شمالی قصبے اسٹیڈ میں ایک یوتھ سینٹر کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ ڈینکرشٹراسے کے علاقے میں ہوئی، جہاں ایک یوتھ سینٹر کے قریب اچانک گولیاں چلنے سے ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

واقعے کے بعد پولیس اور امدادی اداروں نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹر بھی تعینات کیے گئے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کے سلسلے میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عوام کو فی الحال کسی مزید فوری خطرے کا سامنا نہیں ہے۔واضح رہے کہ تقریباً 50 ہزار آبادی پر مشتمل قصبہ اسٹیڈ جرمنی کے شہر ہیمبرگ سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔