جنوبی افریقا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 4 پاکستانی شہری جاں بحق

جوہانسبرگ(پولیس، خبر ایجنسیاں)جنوبی افریقا کے علاقے سیبینزا Sebenza میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے چار پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام زور فونٹین روڈ پر اس وقت پیش آیا جب متاثرین اپنی گاڑی میں گھر واپس جا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں مقتولین ٹیمبیسا میں چھوٹی دکانوں کے مالک تھے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولین جیسے ہی ٹریفک سگنل پر رکے، ایک سفید رنگ کی سیڈان گاڑی ان کے قریب آ کر رکی، جس میں سوار مسلح افراد باہر نکلے اور گاڑی کے دونوں اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر چاروں افراد کی موت کی تصدیق کر دی، جبکہ پولیس نے جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول کے متعدد خول بھی برآمد کر لیے ہیں۔حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم حملے کا مقصد تاحال واضح نہیں ہو سکا۔ پولیس نے کہا ہے کہ ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔