جنگ بندی مذاکرات کیلئے ایرانی وفد سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگیا

زیورخ / برجن اسٹاک(غیر ملکی میڈیا، سرکاری ترجمان)ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور کل سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں ہوگا، جس کے لیے دونوں ممالک کے وفود کی آمد جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کریں گے، جبکہ امریکی وفد کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس کے کرنے کی توقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پہلے ہی برجن اسٹاک میں موجود ہیں اور مذاکراتی عمل کی تیاریوں میں شریک ہیں۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق ایرانی وفد امریکا سے یہ مطالبہ کرے گا کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے روکے جائیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں قومی سلامتی کونسل کے عہدیدار علی باقری، مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔ اس وفد کو “مینا ب 168″کا نام دیا گیا ہے۔

ادھر امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس کی سوئٹزرلینڈ روانگی آج متوقع ہے، تاہم ان کے سفر کے وقت کی حتمی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔یہ مذاکرات خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔