نیویارک(روسی خبر ایجنسی)اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے متعلق حتمی مسودے پر بات چیت جاری ہے، تاہم ابھی کسی حتمی اتفاق رائے تک نہیں پہنچا جا سکا اور سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں۔
روسی خبر ایجنسی کے مطابق امیر سعید ایروانی نے بتایا کہ مجوزہ جنگ بندی کے مسودے اور متعلقہ سفارتی پیغامات کا تبادلہ پاکستان کے ذریعے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ جنگ بندی کے مسودے میں لبنان سمیت تمام متاثرہ علاقوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے جامع حل تلاش کیا جا سکے۔
دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے نہ محاذ چھوڑا ہے اور نہ ہی مذاکرات کا راستہ ترک کیا ہے۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کا امن حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سفارت کاری اور دفاع قومی طاقت کے دو ایسے بازو ہیں جو ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔

