حوثیوں کا سعودی آرامکو پر حملوں کا دعویٰ، سعودی حکام نے تصدیق نہیں کی

صنعاء / ریاض (المسیرہ ٹی وی، سعودی میڈیا، رائٹرز) یمن کی حوثی تنظیم انصار اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے شہروں جیزان اور ینبع میں آرامکو کی تیل تنصیبات پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے، جن کے نتیجے میں تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی۔حوثی تنظیم نے مزید حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں الحدیدہ بندرگاہ پر حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔

انصار اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب گزشتہ 12 برس سے یمن کی غیرمنصفانہ ناکہ بندی کیے ہوئے ہے، اور ناکہ بندی کا جواب ناکہ بندی جبکہ کشیدگی کا جواب مزید کشیدگی سے دیا جائے گا۔دوسری جانب سعودی حکام یا سرکاری میڈیا نے حوثیوں کے حملوں کے دعوے کی تصدیق نہیں کی۔