خطے میں امریکی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا:ایران کا جوابی دعویٰ

تہران / واشنگٹن(ایرانی میڈیا، پاسدارانِ انقلاب، عرب ٹی وی)ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے خطے میں ایک امریکی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بندر عباس پورٹ کے قریب امریکی حملوں کے بعد یہ جوابی کارروائی کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تین جہازوں کو بھی روک دیا ہے۔

دوسری جانب عرب ٹی وی کے مطابق امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تین ایرانی ڈرونز مار گرائے ہیں۔واضح رہے کہ ایران پر ایک ہفتے کے دوران امریکا کی جانب سے دوسری بار فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، اور یہ کارروائی امریکی افواج اور تجارتی جہازوں کو لاحق خطرات کے خاتمے کے لیے کی گئی۔خطے میں ان واقعات کے بعد کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور عالمی سطح پر صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔