دشمن کی باتوں اور وعدوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا:باقر قالیباف

تہران (ایرانی میڈیا)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ دشمن کی باتوں اور وعدوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا اور امریکا کے ساتھ کسی بھی معاہدے کا انحصار اس کے عملی اور ٹھوس نتائج پر ہوگا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے دوبارہ منتخب اسپیکر کے طور پر حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے ایسے کسی معاہدے کو قبول نہیں کرے گا جس میں ایرانی عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کی مکمل ضمانت موجود نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں صرف وعدوں اور بیانات پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، اس لیے ایران کے لیے اصل معیار عملی اقدامات اور قابلِ تصدیق نتائج ہیں۔

باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی واضح ہے، کسی بھی یقین دہانی یا عہد کو تسلیم کرنے سے پہلے اس کے عملی اثرات اور نتائج سامنے آنا ضروری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور داخلی استحکام ناگزیر ہے، جبکہ خارجہ پالیسی کے معاملات میں بھی قومی مفادات کو اولین ترجیح دی جائے گی۔