راس تنورہ میں سعودی آرامکو کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 14 افراد جاں بحق

ریاض(سعودی خبر ایجنسی، رائٹرز)سعودی عرب کے مشرقی ساحلی شہر راس تنورہ میں سرکاری تیل کمپنی آرامکو کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔

سعودی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد سعودی شہری تھے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئےتحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

سعودی وزارتِ توانائی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔آرامکو کی جانب سے فوری طور پر حادثے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

رائٹرز کے مطابق راس تنورہ میں واقع آرامکو کی بڑی آئل ریفائنری پر تقریباً چار ماہ کی بندش کے بعد گزشتہ جمعہ کو خام تیل کی ترسیل دوبارہ شروع کی گئی تھی۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے باعث اس مقام پر سرگرمیاں معطل رہی تھیں۔