راولپنڈی:عمران خان کے بعد بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں بھی بند:بیرسٹر گوہر

راولپنڈی (نامہ نگار)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی کے بعد اب بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں بھی بند کر دی گئی ہیں، جو قابلِ تشویش ہے۔

اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ہفتوں سے بشریٰ بی بی سے کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، حتیٰ کہ ان کی فیملی کو بھی نہیں، جبکہ ان کی آنکھ کے مسئلے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جو لوگ ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں وہ عوامی جذبات کا خیال نہیں رکھ رہے، تاہم ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں کسی قسم کا تناؤ یا انارکی پیدا ہو۔

انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی آج واپس آ رہے ہیں جبکہ کل پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں تمام معاملات پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سیاسی معاملات پر اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دیا ہے، اور پارٹی چاہتی ہے کہ تمام مسائل کا حل سیاسی طریقے سے نکالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 14 ماہ گزرنے کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی سزاؤں کی معطلی پر فیصلہ نہیں ہو سکا، تاہم عدالت نے عندیہ دیا ہے کہ اب مرکزی اپیلوں پر فیصلے ہوں گے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام سمجھتے ہیں بانی پی ٹی آئی کو سیاسی بنیادوں پر قید رکھا گیا ہے، جبکہ پارٹی کا واضح مؤقف ہے کہ سب سے پہلے پاکستان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں نے کبھی پاکستان کے خلاف بات نہیں کی اور نہ ہی پارٹی ایسی کسی بات کی حمایت کرے گی، ان کے بیانات کو بلاوجہ متنازع بنایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فی الحال کسی سے مذاکرات نہیں ہو رہے اور اس حوالے سے اختیار محمود خان اچکزئی کے پاس ہے، جبکہ پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کو بھی کوئی خطرہ نہیں۔