ریاض:سعودی عرب اور روس کے درمیان ویزا فری معاہدہ نافذ العمل

ریاض( عرب نیوز، سرکاری اعلامیہ)سعودی عرب اور روس کے درمیان ویزا استثنیٰ کا معاہدہ پیر 11 مئی سے باضابطہ طور پر نافذ ہوگیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے شہری مختصر دوروں کیلئے بغیر ویزا سفر کرسکیں گے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔معاہدے کے تحت سفارتی، خصوصی اور عام پاسپورٹ رکھنے والے افراد شامل ہوں گے، جبکہ سعودی عرب کے لیے یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ملک کے ساتھ عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے بھی ویزا استثنیٰ دیا گیا ہے۔

تاہم یہ سہولت ملازمت، تعلیم، رہائش یا حج کے لیے سفر کرنے والوں پر لاگو نہیں ہوگی، جن کے لیے متعلقہ ویزا حاصل کرنا ضروری ہوگا۔معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے شہری 90 دن تک مسلسل یا ایک سال کے اندر مجموعی طور پر 90 دن تک بغیر ویزا قیام کرسکیں گے۔

یہ معاہدہ سعودی عرب اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات کی 100 سالہ تقریبات کے موقع پر نافذ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے باہمی دوروں میں اضافہ، سیاحت کے فروغ، اقتصادی و ثقافتی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔