ریو ڈی جنیرو : دو ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا گئے،امریکی گلوکار اولیور ٹری سمیت 6 افراد ہلاک

ریو ڈی جنیرو (ایسوسی ایٹڈ پریس، غیرملکی میڈیا)برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں دو ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا کر گرنے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق امریکی گلوکار اور موسیقار اولیور ٹری بھی مسافروں کی فہرست میں شامل تھے، تاہم لاشوں کی باضابطہ شناخت کا عمل ابھی مکمل نہیں ہو سکا۔

حکام کے مطابق حادثہ ریو ڈی جنیرو کے مغربی علاقے میں پیش آیا، جہاں دونوں ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرانے کے بعد زمین پر آ گرے۔ ایک ہیلی کاپٹر ایک الیکٹرک گاڑیوں کے شوروم کی پارکنگ میں گرا، جس کے باعث متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹروں میں سوار تمام 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ آگ لگنے کے باعث لاشیں بری طرح جھلس گئی ہیں، جس سے شناخت کا عمل ڈی این اے اور دیگر طریقوں سے کیا جا رہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی گلوکار اولیور ٹری کا نام پرواز کے مسافروں کی فہرست میں شامل ہے، تاہم برازیلی پولیس نے کہا ہے کہ تمام لاشوں کی باضابطہ شناخت مکمل ہونے تک حتمی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔

حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئےتحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی طور پر دونوں ہیلی کاپٹروں کے فضا میں ٹکرانے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔