پشاور (نمائندہ خصوصی)پشاور ہائیکورٹ نے کراچی سینٹرل جیل میں سزا مکمل ہونے کے باوجود 12 سال تک قید رہنے والے امین حسین کی خیبر پختونخوا منتقلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی پی او کرم اور ایس پی انویسٹی گیشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا جبکہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر کرم کو بھی مکمل ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
ایس ایم عتیق شاہ نے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سے 3 دن میں رپورٹ طلب کر لی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مطلوبہ رپورٹ عدالتی ریکارڈ میں موجود نہیں، اس لیے محکمہ داخلہ دوبارہ رپورٹ جمع کرائے۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کرم کو بھی 30 اپریل کے عدالتی حکم کے مطابق ایک ہفتے کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے جبکہ خبردار کیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق امین حسین کا تعلق ضلع کرم سے ہے اور وہ 2014ء سے کراچی سینٹرل جیل میں قید تھا۔ وکیل کے مطابق وہ اپنی 3 ماہ قید کی سزا مکمل کر چکا تھا لیکن اس کے باوجود جیل میں رکھا گیا۔

