ریاض (رائٹرز، اے ایف پی)سعودی عرب نے حج کیلئے عازمین کی کم از کم عمر 15 سال مقرر کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم چند گھنٹوں بعد ہی یہ پابندی واپس لے لی گئی۔
ابتدائی طور پر نئی پالیسی کے تحت اعلان کیا گیا تھا کہ 15 سال سے کم عمر افراد حج کیلئے سعودی عرب نہیں جا سکیں گے، جبکہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا تھا۔ترجمان کے مطابق 3 مئی 2026ء سے 15 سال سے کم عمر عازمین کو حج پروازوں میں سفر کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس پابندی کے تحت کم عمر عازمین کے ویزے بھی منسوخ قرار دیے گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ 27 مئی 2026ء تک 15 سال کی عمر مکمل نہ کرنے والے افراد حج کے اہل نہیں ہوں گے، جبکہ متاثرہ عازمین کو مکمل رقم کی واپسی کی یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی۔مزید یہ کہ سعودی امیگریشن حکام نے ایئرپورٹس کو ہدایت دی تھی کہ 15 سال سے کم عمر عازمین کو پروازوں میں سوار ہونے سے روک دیا جائے۔
تاہم بعد ازاں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری نئے بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے یہ پابندی واپس لے لی ہے اور سابقہ پالیسی بحال کر دی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق اب 12 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کو حج کی اجازت دوبارہ دے دی گئی ہے، جبکہ 15 سال کی پابندی کے تحت مسترد کیے گئے ویزوں کو بھی دوبارہ پراسیس کیا جائے گا۔

