سوئٹزرلینڈ میں امریکا ایران مذاکرات تعطل کا شکار مگر ختم نہ ہونے کی تصدیق

برگن اسٹاک(امریکی و ایرانی میڈیا رپورٹس)سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں جاری امریکا اور ایران کے تکنیکی مذاکرات کے حوالے سے امریکی میڈیا نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات تعطل کا شکار ضرور ہوئے ہیں لیکن انہیں ختم نہیں کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ سفارتی وفود کی ممکنہ واپسی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے بیک چینل رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، تاکہ تعطل کو ختم کیا جا سکے۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے وفد کے رکن مہدی قربان زادہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے تیل کے شعبے میں نرمی سے متعلق ایک تجویز کا حتمی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کی صورتحال کے حل تک بعض دیگر اہم معاملات پر پیش رفت محدود رہے گی، جس سے مذاکراتی عمل میں وقتی سست روی پیدا ہوئی ہے۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق مذاکرات میں منجمد اثاثوں کی بحالی کے انتظامات اور ایران کے توانائی کے شعبے پر عائد پابندیوں میں نرمی جیسے اہم نکات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اگرچہ موجودہ مرحلے پر تعطل ہے، تاہم دونوں فریقین مکمل طور پر مذاکراتی عمل سے باہر نہیں ہوئے اور آئندہ دنوں میں دوبارہ پیش رفت کا امکان برقرار ہے۔