برگن اسٹاک( ایرانی سرکاری میڈیا، امریکی سفارتی ذرائع)سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے چار فریقی مذاکرات مکمل ہونے کے بعد ایرانی وفد واپس روانہ ہوگیا ہے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مذاکراتی عمل کے اختتام پر وفود اپنے اپنے ممالک کو واپس لوٹ گئے، تاہم بات چیت کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا گیا بلکہ اسے آئندہ رابطوں کیلئےایک بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
امریکی سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اور فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے۔سفارتکار نے بتایا کہ امریکا نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ وہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھلا اور محفوظ دیکھنا چاہتا ہے، تاکہ عالمی توانائی اور تجارتی راستوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
مذاکرات میں لبنان میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور جنگ بندی کے مؤثر نفاذ کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں استحکام کیلئےسفارتی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔امریکی سفارتی ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت اور تکنیکی ٹیموں کے درمیان آئندہ رابطوں کیلئے ایک ابتدائی فریم ورک پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، اور تمام فریقین موجودہ پیش رفت پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کرتے دکھائی دیے۔

