سینیٹ: مراد سعید کی خالی نشست پر عرفان سلیم پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) سینیٹ میں وزیر سابق مراد سعید کی نااہلی کے بعد ان کی خالی نشست پر عرفان سلیم کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کے مطابق سجاد مہمند، غلام بادشاہ اور سردار خان کو بطور کورننگ امیدوار رکھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سینیٹ امیدوار کے لیے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس گزشتہ رات خیبر پختونخوا ہاؤس میں ہوا، جس میں سینیٹر کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔ اپوزیشن کی جانب سے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کو بھی سینیٹ امیدوار کے لیے تجویز کیا گیا تھا، جس کا نام محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کو بھیجا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی مرکزی قیادت نے سینیٹ کے لیے عرفان سلیم اور فیض الرحمان کے نام پر بھی مشاورت کی، جبکہ پارلیمانی بورڈ کو رائے دی گئی کہ عرفان سلیم کا نام 9 مئی میں شامل ہے اور فیض الرحمان نے بانی کے کیسز میں قانونی معاونت کا وعدہ کیا ہے۔

علامہ ناصر عباس نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کے نام کی تجویز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ نام محمود اچکزئی اور اپوزیشن اتحاد کی طرف سے بھیجا گیا تھا۔سینیٹ انتخابات 23 اپریل کو پی ٹی آئی کے دور حکومت کے سابق وزیر مراد سعید کی خالی نشست کے لیے ہوں گے۔