شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی( آئی ایس پی آر)سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران جاری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے خلاف مختلف مقامات پر آپریشن کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونیوالے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود دیگر دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔فوجی ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔