شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی میت عوامی دیدار کیلئے رکھ دی گئی

تہران(ایرانی سرکاری میڈیا، ارنا، تسنیم، بین الاقوامی میڈیا)شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے اہلِ خانہ کی میتیں تہران میں عوامی دیدار کیلئے رکھ دی گئی ہیں، جہاں ہزاروں افراد اپنے رہبر کو آخری سلام پیش کرنے کیلئے موجود ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق مرکزی نمازِ جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی، جبکہ 6 جولائی کی صبح جنازے کا جلوس تہران سے قم روانہ ہوگا۔حکام کا کہنا ہے کہ تدفین سے قبل شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی میت عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا بھی لے جائی جائے گی جبکہ بعد ازاں انہیں مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی وفد اور مختلف ممالک کے رہنماؤں نے تہران پہنچ کر شہید رہبر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے شہید رہبرِ معظم آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور الوداعی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایران کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔