موغادیشو (ڈان، عرب نیوز، ایکسپریس ٹریبیون) صومالیہ کے نیم خودمختار علاقے پونٹ لینڈ میں قزاقوں کے قبضے سے آئل ٹینکر ’آنر 25‘ چھڑانے کیلئےکارروائی کی گئی، جس کے دوران عملے کے 5 ارکان کے جاں بحق اور 4 کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
صومالی میری ٹائم پولیس کے مطابق پونٹ لینڈ میری ٹائم پولیس فورس نے بندر بیلا ضلع کے علاقے دھرین بار میں کارروائی کرکے قزاقوں کے قبضے سے آئل ٹینکر ’آنر 25‘ بازیاب کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی میں سمندری اور زمینی دستوں نے حصہ لیا اور قزاقوں کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب انصار برنی ٹرسٹ سے منسوب اطلاعات اور پاکستانی ذرائع کے مطابق قزاقوں نے کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے عملے کے 5 ارکان کو قتل کردیا، جن میں 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور میانمار کا ایک شہری شامل ہے، جبکہ 4 پاکستانی زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جاں بحق پاکستانیوں میں دوسرے افسر کاشف عمر، تیسرے انجینئر محمود انصاری اور آئلر رفیع اللہ خان شامل ہیں۔
تاہم ہلاکتوں کی اطلاعات کے حوالے سے صورت حال مکمل طور پر واضح نہیں ہے۔ صومالی حکام نے ٹینکر کی بازیابی اور عملے کو محفوظ قرار دیا ہے، جبکہ پاکستانی ذرائع نے عملے سے منسوب اطلاعات کی بنیاد پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاع دی ہے۔ پاکستانی حکام کی جانب سے بھی واقعے کی تفصیلات کی تصدیق کیلئے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کو 21 اپریل کو صومالیہ کے پونٹ لینڈ کے قریب قزاقوں نے اغوا کیا تھا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس وقت ٹینکر پر 17 افراد سوار تھے جن میں 10 پاکستانی شامل تھے۔پاکستانی سول سوسائٹی کے رکن طالب رضا نے عملے کے پاکستانی ارکان کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی صومالیہ میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد آبائی علاقوں میں پہنچانے کیلئے اقدامات کیے جائیں اور دیگر پاکستانی عملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

