ٹورنٹو کے شائقین کا انتظار میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے: راحت فتح علی خان

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ ٹورنٹو میرا دوسرا گھر ہے، استاد نصرت فتح علی خان کی فیملی یہاں رہتی ہے، ان کی بیگم اب اس دنیا میں نہیں ہیں، وہ میری ماں کا درجہ رکھتی تھیں اور ان کی دعائیں آج بھی میرے ساتھ ہیں۔

ٹورنٹو میں ہونیوالے شو کے دوران راحت فتح علی خان نے استاد نصرت فتح علی خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی فیملی کے ساتھ اپنی یادیں تازہ کیں۔راحت فتح علی خان نے بتایا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی بیگم ٹورنٹو میں ان کے شو کا انتظار کیا کرتی تھیں، جبکہ ’’توں کی جانیں، پیار میرا‘‘ ان کا پسندیدہ گیت تھا۔

ٹورنٹو میں راحت فتح علی خان اور ان کے صاحبزادے شاہ زمان علی خان کے شو میں ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔تکنیکی وجوہات کی وجہ سے شو کچھ تاخیر سے شروع ہوا، جس پر راحت فتح علی خان نے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی معاملات ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ میں آج آپ کیلئے جذباتی ہوگیا کیونکہ آپ نے آج جتنا انتظار کیا، اس دنیا میں کوئی کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ آپ کا انتظار میرے لیے بڑے معنی رکھتا ہے، میں تمام شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے چاہنے والوں کی وجہ سے فنکار ہیں۔ ٹورنٹو کے شائقین بڑے پیارے اور عزت کرنے والے ہیں، ایسے سننے والے میں نے نہیں دیکھے۔