صومالی قزاقوں کے قبضے میں موجود آئل ٹینکر ’’آنر 25‘‘ کے اغوا کو 40 دن مکمل

اسلام آباد/موغادیشو( سفارتی حکام، بین الاقوامی میڈیا)صومالی قزاقوں کے قبضے میں موجود آئل ٹینکر ’’آنر 25‘‘ کے اغوا کو 40 دن مکمل ہو گئے ، تاہم جہاز پر موجود 10 پاکستانیوں سمیت تمام 17 یرغمالی تاحال رہا نہیں ہو سکے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق صومالی حکومت جہاز کے مالک کے ذریعے بحری قزاقوں سے مسلسل رابطے اور مذاکرات کر رہی ہے، لیکن اب تک کسی حتمی پیش رفت کی اطلاع نہیں ملی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قزاقوں نے ابتدا میں 10 لاکھ امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا، جسے بعد میں بڑھا کر 40 لاکھ ڈالر کر دیا گیا، تاہم فریقین کے درمیان مذاکرات تاحال نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکے۔

رپورٹس کے مطابق 21 اپریل کو صومالی قزاقوں نے آئل ٹینکر ’’آنر 25‘‘ کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور عملے کے 17 افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ یرغمالیوں میں 10 پاکستانی، 4 انڈونیشیائی، ایک بھارتی اور ایک میانمار کا شہری شامل ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق جہاز اس وقت صومالی ساحل کے قریب لنگر انداز ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مختلف سفارتی اور مقامی ذرائع سے کوششیں جاری ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ صومالی حکومت نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ بحری قزاقوں سے رابطوں کے ذریعے پاکستانی شہریوں کی محفوظ رہائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے صومالی حکام کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو باضابطہ خط بھی ارسال کیا گیا تھا۔

دوسری جانب یرغمالیوں کے اہلِ خانہ نے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانیوں کی جلد اور محفوظ رہائی کے لیے کوششوں میں مزید تیزی لائی جائے۔