ضمنی انتخاب سے قبل ڈگ فورڈ کو ہیملٹن کے اسپتال یاد آگئے:اونٹاریو لبرل پارٹی

ہیملٹن (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو لبرل پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ نے آٹھ برس تک ہیملٹن کے اسپتالوں کو نظر انداز کیے رکھا اور اب صرف ہیملٹن ایسٹ–اسٹونی کریک کے ضمنی انتخاب کے موقع پر ہی ہیملٹن جنرل اسپتال کے ایمرجنسی شعبے کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔

ہیملٹن ایسٹ–اسٹونی کریک سے اونٹاریو لبرل امیدوار ہائنو ڈوسنگ نے کہا کہ ہیملٹن کے شہریوں کو اپنے اسپتالوں میں سرمایہ کاری کیلئےکسی انتخاب کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے بقول صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری مریضوں کی ضرورت کے تحت ہونی چاہیے، نہ کہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے۔

پارٹی کے مطابق ہیملٹن سمیت پورے اونٹاریو میں صحت کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے، جہاں اسپتالوں میں مریضوں کو راہداریوں اور دیگر عارضی مقامات پر علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ ایمرجنسی وارڈز میں گنجائش کی شدید کمی، خاندانی ڈاکٹروں کی قلت اور سرجریوں، ماہر ڈاکٹروں اور تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے طویل انتظار کا سامنا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ناکافی سرکاری فنڈنگ کے باعث ہیملٹن ہیلتھ سائنسز کو مالی دباؤ کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں خالی اسامیوں کو ختم کرنا پڑا، جس سے عملے میں کمی، انتظار کے دورانیے میں اضافہ اور مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہوئی۔