غزہ (وفا/الجزیرہ/اے ایف پی) غزہ شہر اور اس کے اطراف اسرائیلی حملوں میں 3 بچوں سمیت 10 فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ہفتے کی صبح اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے نصر علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شہید ہو گئے۔ شہداء میں 3 بچے اور ان کے والدین شامل ہیں، جبکہ خاندان کا ایک بچہ عمارت سے باہر ہونے کے باعث محفوظ رہا۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کے علاقے فروسیہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوا، جبکہ جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے عمارتیں مسمار کرنے کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 19 شہداء کی لاشیں مختلف اسپتالوں میں لائی گئیں۔
وزارتِ صحت نے بتایا کہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ایک ہزار 144 فلسطینی شہید اور 3 ہزار 703 زخمی ہو چکے ہیں، جنہیں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق غزہ میں جاری جنگ کے دوران اب تک مجموعی طور پر 73 ہزار 269 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 73 ہزار 811 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

