پیرس ( ایئر فرانس، رائٹرز، اے ایف پی) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا۔ایران تنازع کے باعث فرانسیسی قومی فضائی کمپنی ایئر فرانس نے خطے کیلئے متعدد پروازوں کی معطلی میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔ایئر فرانس کی جانب سے جاری تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کیلئےتمام پروازیں 24 جولائی تک معطل رہیں گی۔
کمپنی نے بتایا کہ دبئی کیلئےپروازوں کی معطلی 27 جولائی تک برقرار رہے گی، جبکہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کیلئےپروازوں کی معطلی میں مزید توسیع کرتے ہوئے اسے 2 اگست تک بڑھا دیا گیا ہے۔
ایئر فرانس کا کہنا ہے کہ مسافروں، فضائی عملے اور طیاروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد پروازوں کی بحالی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

