پیرس(خبر ایجنسیاں) فرانس میں ایک گھر سے 5 نومولود بچوں کی باقیات برآمد ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔جنوب مشرقی فرانس کے علاقے اورنج میں ایک شخص نے اپنی بیوی سے جھگڑے کے بعد گھر میں رکھے گتے کے ڈبوں سے 5 مردہ نومولود بچوں کی باقیات برآمد ہونے کا دعویٰ کیا۔
مقامی حکام کے مطابق واقعہ پیر کی صبح پیش آیا، جس کے بعد 32 سالہ خاتون کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق خاتون نے اتوار کو بچے کی پیدائش کے اگلے روز پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی، جس پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شوہر گھر پر ہی موجود رہا۔
ذرائع کے مطابق شوہر نے گتے کے ڈبے کھولے تو ان میں پانچ مردہ نومولود بچوں کی بوسیدہ باقیات ملیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ باقیات کافی عرصے سے وہاں موجود تھیں اور ایک ہی پلاسٹک کے تھیلے میں رکھی گئی تھیں۔بعدازاں شوہر وہ پلاسٹک کا تھیلا اسپتال لے گیا، جہاں عملے نےپولیس کو اطلاع دی۔
اطلاعات کے مطابق خاتون کو حالیہ بچے کی پیدائش سے قبل تین مرتبہ حمل ضائع ہونے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس جوڑے کے دو دیگر بچے بھی ہیں، جن کی عمریں آٹھ اور بارہ سال بتائی جاتی ہیں، جبکہ حال ہی میں ایک اور بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، تاحال کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا، جبکہ اسپتال میں زیرِ علاج خاتون کو حراست میں نہیں لیا گیا۔
واضح رہے کہ فرانس میں اس نوعیت کے دیگر واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں۔ چند ماہ قبل آئیلویلرز-ای-لیومون میں ایک شخص کے گھر کے فریزر سے دو نومولود بچوں کی باقیات برآمد ہوئی تھیں، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور اس کی بیوی کی تلاش شروع کی۔
رپورٹس کے مطابق نو بچوں کی ماں دسمبر 2025 میں رضاکارانہ طور پر گھر چھوڑ گئی تھی، بعد ازاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔ اس سے پانچ سال قبل بھی فرانس کے قصبے میزرے میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کی وفات کے چند ماہ بعد گھر کی صفائی کے دوران ایک بند الماری سے تین نومولود بچوں کی لاشیں برآمد کی تھیں۔

