پشاور (نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر آئندہ جمعے کو احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس ہوا، جس میں ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہر فرد کیلئےتشویش کا باعث ہے اور عام آدمی کا سکون چھین لیا گیا ہے، اسی لیے آئندہ جمعے احتجاجی مظاہرے کیے جائینگے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گھریلو تشدد، ٹرانس جینڈر، اور 18 سال سے کم عمر شادی پر پابندی سمیت دیگر قوانین جو شریعت کے خلاف ہیں، ختم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بیوی کو خاوند کی جائیداد میں 50 فیصد حصہ دینے سے متعلق قوانین کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، انگریز تو چلا گیا لیکن ان کے قوانین مسلسل نافذ کیے جا رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کی حکومت کو جعلی اور پیپلز پارٹی کے سہارے قائم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں حق حاصل ہے کہ ایسی حکومت کیخلاف علم بغاوت اٹھائیں۔

