فلپائن میں 7.8 شدت کے زلزلے اور سونامی سے کم از کم 35 افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

داؤاؤ( ایسوسی ایٹڈ پریس، غیر ملکی میڈیا)فلپائن کے جنوبی حصے میں پیر کی صبح آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور سمندری زلزلے اور اس کے بعد سونامی کی لہروں کے باعث کم از کم 35 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہو گئے، متعدد عمارتیں منہدم ہونے سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔

حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے جنرل سانتوس شہر سمیت کئی علاقوں میں عمارتیں گر گئیں یا شدید متاثر ہوئیں، جبکہ سارانگانی صوبے کے علاقے گلان میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ دیگر ہلاکتیں عمارتوں اور ملبہ گرنے کے باعث ہوئیں۔

فلپائن کے آتش فشانی و زلزلہ پیما ادارے کے مطابق رواں سال ملک میں آنے والا یہ سب سے طاقتور زلزلہ تھا، جس کا مرکز جزیرہ منڈاناؤ کے ساحل سے قریب سمندر میں تقریباً 33 کلومیٹر گہرائی میں واقع تھا۔

زلزلے کے بعد ایک میٹر بلند سونامی کی لہریں سارانگانی اور سلطان قدرت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائیں، جبکہ انڈونیشیا، پلاؤ اور جاپان کے بعض علاقوں میں بھی نسبتاً چھوٹی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔ بعد ازاں فلپائنی حکام نے سونامی وارننگ واپس لے لی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جنرل سانتوس میں سپر مارکیٹ، گودام، اسکول اور دیگر متاثرہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ شہر کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور 17 ملکی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے اور امدادی اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی حکومت متاثرہ علاقوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔امریکا، فرانس، جاپان اور نیوزی لینڈ نے فلپائن کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امدادی اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔