میکسیکو سٹی( فیفا، بین الاقوامی میڈیا)فٹبال کے سب سے بڑے عالمی مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2026 کا شاندار آغاز میکسیکو سٹی کے تاریخی ازٹیکا اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگیا، جہاں دنیا بھر سے آئے ہزاروں شائقین نے کھیلوں کے اس عظیم میلے کا خیر مقدم کیا۔
افتتاحی تقریب میں آتش بازی، روشنیوں کے دلکش مظاہرے اور ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے، جبکہ کولمبیا کی معروف گلوکارہ شکیرا اور نائجیریا کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار برنا بوائے نے ٹورنامنٹ کا آفیشل نغمہ ’’ڈائی ڈائی‘‘ پیش کرکے شائقین کا جوش و خروش دوبالا کردیا۔
تقریب میں میکسیکو کے معروف بینڈ مانا، کولمبیا کے جے بالوین، وینزویلا کے ڈینی اوشین اور اطالوی گلوکار آندریا بوچیلی نے بھی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود اسی ہزار سے زائد تماشائیوں نے بھرپور داد دی۔
افتتاحی تقریب کے بعد مشترکہ میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلا گیا، جبکہ امریکا اور کینیڈا میں بھی اپنے اپنے افتتاحی میچوں سے قبل خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
رواں سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جو مجموعی طور پر 104 میچز کھیلیں گی، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 19 جولائی کو نیو جرسی میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب میکسیکو سٹی کے زوکالو اسکوائر میں قائم سرکاری فین زون میں بھی ہزاروں شائقین جمع ہوئے، تاہم غیر معمولی رش کے باعث انتظامیہ کو داخلے محدود کرنا پڑے اور شہریوں کو متبادل مقامات پر میچ دیکھنے کی ہدایت کی گئی۔

