لبرل پارٹی ایک شفاف اور منصفانہ عمل پر یقین رکھتی ہے:اعلامیہ

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو لبرل پارٹی نے اسکاربرو ساؤتھ نامزدگی سے متعلق آربیٹریشن پینل کے فیصلے کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ پارٹی ایک شفاف اور منصفانہ عمل پر یقین رکھتی ہے اور اب تمام توجہ اسکاربرو ساؤتھ کے انتخاب پر مرکوز ہوگی۔

پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ آربیٹریشن کمیٹی نے اپیل مسترد کرتے ہوئے نامزدگی کے عمل کو درست قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کمیٹی نے آزادانہ حیثیت میں کام کیا اور چیئرمین ڈیوڈ زمر اور پینل اراکین نے انتہائی تیزی اور باریک بینی سے معاملے کا جائزہ لیا۔

اونٹاریو لبرل پارٹی کے عبوری رہنما جان فریزر نے کہا کہ پارٹی نے ابتدا ہی سے کھلے اور شفاف عمل کا وعدہ کیا تھا، اور اب اپیل مسترد ہونے کے بعد تمام توجہ اسکاربرو ساؤتھ کے ووٹرز پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے امیدوار کے ساتھ متحد ہو کر نشست جیتنے کیلئےبھرپور کام کرے گی۔

پارٹی صدر کیتھرین میک گیری نے بھی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اعلیٰ جمہوری معیار برقرار رکھیں، اور اب وقت ہے کہ سب مل کر ڈگ فورڈ کو اسکاربرو ساؤتھ میں شکست دینے کیلئےمتحد ہوں۔