لبنان پر حملے جنگ بندی مذاکرات کو بے معنی بنا دینگے:ایرانی صدر

تہران (نمائندہ خصوصی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ لبنان پر حملے جنگ بندی مذاکرات کو بے معنی بنا دیں گے۔صدر ایرانی نے بیان میں کہا کہ لبنان میں اسرائیل کے حملوں سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور ایران لبنانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ جنگ بندی تجاویز میں لبنان اور تمام مزاحمتی محور شامل ہیں اور خلاف ورزیوں کی بھاری قیمت چکائی جائیگی جبکہ سخت ردعمل دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت سے قبل ہی 10 نکاتی تجاویز کے 3 اہم نکات کی خلاف ورزی ہو چکی ہے، جن میں ایران کی فضائی حدود میں ڈرون کی دراندازی، ایران کے یورینیئم افزودگی کے حق کی نفی اور لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی شامل ہیں۔

محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں دوطرفہ جنگ بندی یا مذاکرات غیر معقول ہیں۔ادھر امریکی نائب صدر نے قالیباف کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ انہوں نے ٹوئٹ دیکھا ہے، اگر پندرہ نکاتی منصوبے میں صرف تین نکات پر اختلاف ہے تو یہ مثبت بات ہے کہ کئی امور پر اتفاق موجود ہے۔