لندن(بین الاقوامی میڈیا رپورٹس)برطانیہ میں منعقدہ بافٹا ٹیلی ویژن ایوارڈز کی تقریب کے دوران غزہ کی صورتحال پر مبنی ڈاکیومنٹری “غزہ: ڈاکٹروں پر حملہ” نے کرنٹ افیئرز کے شعبے میں بہترین قرار پاتے ہوئے ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس ڈاکیومنٹری سے منسلک رمیتا نواہی، کریم شاہ، بین ڈی پیر، میلینی کوئگلی، مینا حجازی اور جابر بدوان بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل رہے۔
ایوارڈوصول کرتے ہوئے خطاب میں کہا گیا کہ غزہ میں اب تک 47 ہزار سے زائد خواتین اور بچے مارے جا چکے ہیں۔ خطاب میں یہ بھی کہا گیا کہ غزہ کے تمام اسپتالوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ 1700 سے زائد فلسطینی ڈاکٹرز اور صحت کے کارکن ہلاک ہو چکے ہیں۔
مقررین نے دعویٰ کیا کہ 400 سے زائد طبی کارکنوں کو قید میں رکھا گیا ہے، جسے اقوام متحدہ نے “میڈیسائیڈ” قرار دیا ہے۔ خطاب میں کہا گیا کہ یہ نتائج ان کی تحقیق کا حصہ ہیں جسے بی بی سی نے مالی معاونت فراہم کی مگر نشر کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ وہ خاموش نہیں رہیں گے اور سنسرشپ کے باوجود اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ تقریب کے شرکاء نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔

