لوزیانا:فائرنگ کا ہولناک واقعہ 8 بچے جاں بحق، ملزم مارا گیا

شریوپورٹ، لوزیانا (ایجنسیاں)امریکی ریاست لوزیانا کے شہر شریوپورٹ میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کے ہولناک واقعے میں 1 سے 14 سال کی عمر کے 8 بچے جاں بحق جبکہ مجموعی طور پر 10 افراد کو گولیاں لگیں۔

پولیس چیف وین اسمتھ کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا، جس میں جائے وقوعہ تین مختلف مقامات تک پھیلی ہوئی تھی اور اسے انتہائی سنگین نوعیت کا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوا، اس دوران اس نے گاڑی چھیننے کی واردات بھی کی، تاہم تعاقب کے بعد پولیس نے بوسیر سٹی میں مقابلے کے دوران اسے ہلاک کر دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بعض جاں بحق بچے ملزم کے قریبی رشتہ دار تھے، جبکہ واقعے کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی۔لوزیانا اسٹیٹ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس معلومات یا ویڈیو شواہد ہوں تو وہ حکام سے رابطہ کریں۔

شریوپورٹ کے میئر ٹام آرسینو نے واقعے کو شہر کی تاریخ کے بدترین سانحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری کمیونٹی غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔

دوسری جانب امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے واقعے کو دل دہلا دینے والا سانحہ قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔