لکھنؤ کے کوچنگ سینٹر میں آتشزدگی، 14 طلبہ جاں بحق، متعدد زخمی

لکھنؤ(بھارتی میڈیا، اتر پردیش حکومت)بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں ایک کوچنگ اور اینیمیشن سینٹر میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں 14 طلبہ جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ لکھنؤ کے علاقے علی گنج میں پیش آیا، جہاں تین منزلہ عمارت میں قائم کوچنگ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے بعد عمارت میں پھنسے کئی افراد نے جان بچانے کے لیے بالائی منزلوں سے چھلانگیں لگائیں۔

واقعے کے بعد فائر بریگیڈ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، جس کے بعد عمارت کی مکمل تلاشی لی گئی۔

اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک کے مطابق جاں بحق ہونے والے بیشتر طلبہ کی عمریں 16 سے 18 سال کے درمیان تھیں اور وہ واقعے کے وقت کلاسوں میں موجود تھے۔ متعدد دیگر طلبہ اور عملے کے افراد کو بحفاظت عمارت سے نکال لیا گیا۔

آتشزدگی کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

دریں اثنا اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے فیروز آباد کا اپنا دورہ مختصر کر کے لکھنؤ واپسی کی اور اعلیٰ حکام سے واقعے پر بریفنگ لی۔ انہوں نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔