تہران(مہر نیوز، ایرانی میڈیا رپورٹس)ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات ایران مخالف کارروائیوں میں براہِ راست ملوث رہا ہے۔ایرانی خبر ایجنسی مہر نیوز کے مطابق اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ انہوں نے یکجہتی کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات کا نام نہیں لیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جب ایران پر حملے شروع ہوئے تو متحدہ عرب امارات نے ان حملوں کی مذمت تک نہیں کی، یو اے ای کو ایران سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
دوسری جانب گزشتہ روز اماراتی صدر کے مشیر انور قرقاش نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے کبھی جنگ نہیں چاہی اور کشیدگی روکنےکیلئے مخلصانہ کوششیں کیں۔انور قرقاش نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سیاسی حل اور مذاکرات کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خلیج میں عرب اور ایران تعلقات کو محاذ آرائی اور تصادم کی بنیاد پر استوار نہیں کیا جاسکتا۔

