مسی ساگا ایرن ملز سے رکن پارلیمنٹ اقرا خالد کی فنڈ ریزنگ تقریب

مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے)مسی ساگا کے علاقے ایرن ملز میں رکن پارلیمنٹ اقرا خالد کے اعزاز میں فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں سینکڑوں کمیونٹی اراکین، رہنماؤں اور حامیوں نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام مسی ساگا ایرن ملز لبرل رائیڈنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا، جس میں کمیونٹی، تنوع اور عوامی خدمت کو اجاگر کیا گیا۔

شام کی تقریب میں گریٹر ٹورنٹو ایریا سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، کمیونٹی رہنماؤں اور حامیوں نے شرکت کی، جہاں شہری شمولیت، شمولیتی پالیسیوں اور کینیڈا کے مستقبل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اونٹاریو لبرل کاکس کے چیئرمین جیمز میلونے نے اپنے کلیدی خطاب میں وزیرِاعظم مارک کارنی کی قیادت میں لبرل پارٹی کی نئی پیش رفت اور عوامی حمایت کا ذکر کیا۔ انہوں نے اقرا خالد کی عوامی خدمات اور مسی ساگاایرن ملز کے رہائشیوں کیلئےان کی نمائندگی کو سراہا۔

جیمز میلونے نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے اقرا خالد کو جانتے ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں نبھا رہی ہیں۔ لوگوں کیلئےان کی لگن اور کمیونٹیز کو متحد کرنے کا جذبہ حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے۔

اپنے خطاب میں اقرا خالد نے کینیڈا آمد کے ابتدائی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئی تھیں کہ مختلف پس منظر رکھنے والے لوگ کس طرح ہم آہنگی اور احترام کیساتھ ایک ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کمیونٹی نے ان کے سفر کے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا اور وہ مسلسل ملنے والے اعتماد اور حوصلہ افزائی پر دلی طور پر شکر گزار ہیں۔اقرا خالد نے عالمی سطح پر کینیڈا کے کردار پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ کینیڈا ہمیشہ انسانی اقدار، جمہوری اصولوں اور دنیا بھر میں کمزور طبقات کی حمایت کیلئے کھڑا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاہے تنازعات سے متاثرہ افراد کی مدد ہو، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانا ہو یا جمہوری اقدار کا دفاع، کینیڈا کو ہمدردی، جرات اور اتحاد کے ساتھ اپنا کردار جاری رکھنا چاہیے۔

تقریب میں رکن پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد، فارس السعد، رانا اسلم، لبرل پارٹی آف کینیڈا اونٹاریو کے چیئر قیصر ڈار اور اونٹاریو بھر سے لبرل کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔تقریب نے رہائشیوں، حامیوں اور کمیونٹی رہنماؤں کو ایک دوسرے سے رابطے اور ایک مضبوط، شمولیتی اور متحد کینیڈا کی تعمیر کے مشترکہ عزم کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔