مسی ساگا: پاکستان پیپلزپارٹی کینیڈاکے صدر جاویدگجر کادوستوں کے اعزازمیں عشائیہ

مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے) پاکستان پیپلزپارٹی کینیڈاکے صدراوروزیراعظم آزادکشمیرکے کینیڈامیں مشیر جاویدگجر نے اپنے دوستوں اور سیاسی رہنماؤں کے اعزاز میں‌عشائیہ کااہتمام کیا جس میں‌مسی ساگا ایرن ملز سے رکن پارلیمنٹ اقراخالد،روبی سہوتا،رانامحمد اسلم،مسی ساگا کی مئیرکیرولین پیرش،کینیڈامیں پاکستان کے قونصل جنرل خلیل احمدباجوہ،مسی ساگا سے رکن صوبائی اسمبلی شیرف صباوی،دیپک آنند،لبرل جماعت اونٹاریو کے صدرقیصرڈارسمیت دیگر شخصیات نے خصوصی شرکت کی.

تقریب میں معروف سماجی رہنماؤں مرزانسیم بیگ،عامرقریشی،رانااشرف،مظہرشفیق، راناافضال، خالدعلوی، رانااورنگزیب،ڈاکٹرناصروڑائچ،حفیظ خان،حاجی محمدجمیل،حیدرعلی،دانیال ابراہیم، شاہ آفریدی،علی ڈوگر،باباعرفان ملک،اویس اقبال ،تسلیم چودھری، جاویدورک، عدنان بودلہ،احسن ضیا، ناصرشعیب، عثمان ملک،احمدگوریجہ،میاں منورحسین،افتخارچودھری،کرنل یحیحیٰ اور منصورمرزانے بھی بھرپورشرکت کی.

پاکستان پیپلزپارٹی کینیڈاکے صدراوروزیراعظم آزادکشمیرکے کینیڈامیں مشیر جاویدگجر نے تقریب میں موجودمعزز شخصیات کوخوش آمدیدکہااورانہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا میڈم میئر، آنرایبل روبی سہوتا، آنرایبل اقراخالد، کونسلر جنرل آف پاکستان، مسٹر خلیل احمد باجوہ میں آپ سب لوگوں کا بے حد مشکور ہوں کہ آپ لوگوں نے آج اپنا وقت نکالا اور ہمارے ساتھ یہاں اس تقریب میں شامل ہوئے ۔ آج ملنے، آج ہمارا مقصد یہ تھا کہ ہم سب دوستوں کو اکٹھا کیا جائے اور ان کو ملا جائے۔

میرا خیال ہے ایک مہینہ اور 27 دن میں لوگوں کی دعوتیں کھاتا رہا ہوں۔بہت سارے، سارے دوست میرے اِدھر یہاں پہ بیٹھے ہوئے ہیں۔ تو اب میرا، میرا خیال یہ تھا کہ مجھے ان سب دوستوں کو اکٹھا کیا جائے بجائے اس کے کہ اب اس کے بعد فل اسٹاپ لگایا جائے تو کام بھی کیا جائے۔بہت شکریہ ۔ اب میرا خیال ہے کہ میں زیادہ ٹائم نہیں لوں گا آپ لوگوں کا، کھانے کا ٹائم ہے تو پلیزبہت شکریہ آپ کا کہ آپ یہاں پہ تشریف لائے۔

یہاں خصوصی طورپرشکریہ اداکرونگاان تمام حجاج کا عارف شیخ کا، ڈاکٹر ارشدکا اور سلیمان کاجو پیچھے بیٹھے ہیں، ان تمام معزز مہمانوں کو میری طرف سے حج کی بہت بہت مبارک ہو کہ آپ لوگوں کی وجہ سے یہ سارے دوست یہاں پہ اکٹھے ہوئے۔ ہم نے یہی سوچا تھا کہ آپ لوگوں کو تین بندوں کو دیکھ دیکھ کر آپ کیلئے ہم نے یہاں پہ رونق لگا لی۔ایک بارپھرآپ سب کابہت شکریہ۔

مسی ساگا کی میئر کیرولین پیرش نے کہا ہے کہ چوہدری جاوید گجر طویل عرصے سے ان کے قریبی دوست ہیں اور انہوں نے ہمیشہ کمیونٹی کی خدمت اور عوامی فلاح کیلئےنمایاں کردار ادا کیا ہے۔چوہدری جاوید گجر کی میزبانی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیرولین پیرش نے کہا کہ ان سے قبل مقررین کی خدمات اور ذمہ داریاں انتہائی اہم ہیں، جبکہ وہ خود کو صرف ایک میئر سمجھتی ہیں، تاہم انہیں اپنی ذمہ داریوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ بطور میئر وہ غیر جانبدار انداز میں عوام کی خدمت کر سکتی ہیں اور ان کی توجہ کسی سیاسی جماعت کے بجائے شہر کے شہریوں کی فلاح و بہبود پر مرکوز رہتی ہے۔

کیرولین پیرش نے کہا کہ وہ ماضی میں وفاقی سیاست سے وابستہ رہیں، تاہم اکثر اپنے اصولی مؤقف کی وجہ سے روایتی سیاسی حدود سے ہٹ کر بھی آواز اٹھاتی رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان سمیت مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کا دورہ کر چکی ہیں اور گزشتہ چالیس برس سے فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور ان کے مؤقف کی حمایت کرتی آ رہی ہیں۔مسی ساگا کی میئر نے کہا کہ چوہدری جاوید گجر کے ساتھ ان کی دوستی تقریباً تیس برس پر محیط ہے اور وہ ان کی نئی ذمہ داریوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہیں۔

مسی ساگا ایران ملز سے رکن پارلیمنٹ اقرا خالدنے گفتگوکرتے ہوئے کہا”بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ السلام علیکم، اینڈ ست سری اکال، اینڈ نمستے سب کو۔میں صرف مختصر طور پر یہ کہنا چاہوں گی کہ میں آپ سب کی بہت شکر گزار ہوں کہ آپ یہاں آئے اور ہمارے دوست جاوید گجر کے ساتھ خوبصورت تقریب میں شریک ہوئے۔

کیا ہم ان کے لیے زور دار تالیاں بجا سکتے ہیں؟میں بہت مختصر الفاظ میں یہ بھی کہنا چاہوں گی کہ میں آپ سب کی خدمات کو سراہتی ہوں، چاہے وہ مالی ہوں، خیراتی ہوں، یا رضاکارانہ کام ہوں، یا کسی بھی قسم کی کوشش ہو جس سے معاشرے میں بہتری آتی ہے۔

وہ میرے لئےاور میرے ساتھیوں کیلئے اہمیت رکھتے ہیں۔ اور میں امید کرتی ہوں کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ اسی طرح جڑے رہیں گے تاکہ مثبت بحث اور گفتگو کا یہ سلسلہ جاری رہے اور ہم اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکیں۔ تو آپ سب کی اس گفتگو اور شمولیت کا بہت بہت شکریہ۔اور آخر میں، میں حج سے واپس آنے والے تمام حاجیوں کو مبارکباد پیش کرنا چاہوں گی۔ میں دعا کرتی ہوں کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ آپ کا حج قبول فرمائے.

کینیڈا میں پاکستان کے قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِ اعظم کے مشیر مقرر ہونے پر چوہدری جاوید گجر کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ جذبے اور محنت کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔چوہدری جاوید گجر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خلیل احمد باجوہ نے کہا کہ معزز اراکینِ پارلیمنٹ، مسی ساگا کی میئر، چوہدری جاوید گجر اور معزز حاضرین کے درمیان اس تقریب میں شرکت میرے لئے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم چوہدری جاوید گجر کی آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِ اعظم کے مشیر کے طور پر تقرری کا جشن منانے کیلئے جمع ہوئے ہیں، جو ان کی عوامی خدمات اور صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔قونصل جنرل پاکستان نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران ٹورنٹو میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے چوہدری جاوید گجر کی عوامی خدمت کے جذبے اور لگن کو قریب سے دیکھا ہے۔

انہوں نے ہمیشہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔خلیل احمد باجوہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ چوہدری جاوید گجر اپنی نئی ذمہ داریوں میں بھی اسی عزم اور محنت کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔انہوں نے چوہدری جاوید گجر کو اس اہم اعزاز اور ذمہ داری ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مستقبل کی تمام کاوشوں کیلئےنیک تمناؤں اور کامیابی کی دعا کا اظہار کیا۔

کینیڈا کی وزیرِ مملکت برائے انسدادِ جرائم اور رکنِ پارلیمنٹ برامپٹن نارتھ—کیلڈن روبی سہوتا نے کہا ہے کہ کمیونٹی اور مختلف مشاورتی اجلاسوں سے موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے متعدد قوانین کا حصہ بنایا گیا اور اب بیل اصلاحات اور سزاؤں سے متعلق بل سی-14 باقاعدہ طور پر کینیڈا کا قانون بن چکا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روبی سہوتا نے کہا کہ انہیں یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ بل سی-14، جس کا تعلق ضمانت اور سزاؤں کے نظام میں اصلاحات سے ہے، اب نافذ العمل قانون کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

اس قانون کے تحت ضمانت کے حصول کیلئےمزید سخت شرائط مقرر کی گئی ہیں جبکہ پرتشدد جرائم میں ملوث بار بار جرم کرنے والے افراد کیلئے سخت سزاؤں کی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ منظم جرائم، گھروں اور کاروباری مراکز میں چوری، خوردہ کاروبار سے چوری، گاڑیاں چھیننے اور دیگر سنگین جرائم وہ مسائل تھے جن کے بارے میں کمیونٹی کو شدید تشویش لاحق تھی اور نئے قانون میں ان خدشات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔روبی سہوتا نے کہا کہ حکومت نے بچوں کے تحفظ کیلئے بھی مزید اقدامات متعارف کرائے ہیں، چاہے خطرات جسمانی نوعیت کے ہوں یا آن لائن دنیا سے متعلق۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئےمسلسل کام جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ تمام کینیڈین شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے بہت سے افراد طویل عرصے سے عوامی تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے خدشات کا اظہار کر رہے تھے، اور یہ ان کا جائز حق ہے کہ وہ اپنے ملک میں محفوظ ماحول کی توقع رکھیں۔رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ موسمِ گرما کے دوران کمیونٹی کے افراد سے رابطے اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی خواہاں ہیں تاکہ عوام کی آراء اور تجاویز براہِ راست سنی جا سکیں اور آئندہ برسوں میں حکومت کی ترجیحات کے تعین میں انہیں شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی رائے اور تجاویز حکومت تک پہنچاتے رہیں کیونکہ منتخب نمائندے عوام کی خدمت کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ روبی سہوتا نے رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی سطح پر کمیونٹی کی ایک مؤثر اور مضبوط آواز ہیں۔خطاب کے اختتام پر روبی سہوتا نے تقریب کے شرکاء کی جانب سے ملنے والی نیک تمناؤں، محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ چوہدری جاوید گجر اور دیگر مقامی و وفاقی نمائندوں کے ساتھ مل کر تعلقات کے فروغ اور کمیونٹی کی بہتری کیلئےکام جاری رکھیں گی۔