مسی ساگا کیلئےلڑنےکوئنز پارک گئی تھی، اب دوبارہ میئر بننے آئی ہوں: بونی کرومبی

مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے)مسی ساگا کی سابق میئر بونی کرومبی نے میئر کے عہدے کیلئےاپنی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسی ساگا کیلئےلڑنے کی غرض سے کوئنز پارک گئی تھیں لیکن انتخابات میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تجربے سے انہیں احساس ہوا کہ جن معاملات کی انہیں سب سے زیادہ فکر ہے، وہ سب مسی ساگا سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی لئےوہ دوبارہ مسی ساگا کی میئر کا انتخاب لڑ رہی ہیں اور اس بار یہ ذمہ داری مکمل کریں گی۔ان کے بقول میئر کا عہدہ ہی وہ منصب ہے جسے انہوں نے ہمیشہ ترجیح دی اور اب وہ خود کو ثابت کرنا چاہتی ہیں۔

بونی کرومبی نے کہا کہ وہ مسی ساگا کے شہریوں کو دوبارہ ایسا مستقبل دینا چاہتی ہیں جو ان کی استطاعت میں ہو، ساتھ ہی وہ اپنی قیادت اور تجربہ بھی عوام کے سامنے رکھنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ میئر میں وہ ایک مضبوط اور مالی طور پر مستحکم شہر چھوڑ کر گئی تھیں، جہاں ٹیکس کم تھے، سستی رہائش کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، ٹرانزٹ کے منصوبے موجود تھے اور پولیس کی مکمل حمایت کی جاتی تھی۔

انہوں نے موجودہ شہری انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت شہر میں سمت کے بجائے جمود، بے عملی اور قیادت کا فقدان نظر آتا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو برس میں ٹیکسوں میں 14 فیصد اضافہ ہوا جبکہ میئر کے دفتر کی جانب سے پولیس کی مناسب حمایت نہیں کی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس تجربہ، قیادت، وژن اور توانائی موجود ہے اور وہ مسی ساگا کے شہریوں کو ایسا مستقبل دینا چاہتی ہیں جس پر وہ اعتماد کر سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں بونی کرومبی نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ وہ موجودہ میئر نہیں ہیں اور نہ ہی اس وقت سب سے مضبوط امیدوار سمجھی جا رہی ہیں، تاہم انہیں اپنے تجربے اور قیادت پر اعتماد ہے اور وہ عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئےبھرپور محنت کریں گی۔

اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوال پر بونی کرومبی نے کہا کہ ان کے اور پریمیئر کے مقاصد ایک جیسے ہیں۔ ان کے مطابق پریمیئر ایک مضبوط اور خوشحال اونٹاریو چاہتے ہیں جبکہ وہ ایک مضبوط اور خوشحال مسی ساگا کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں، خصوصاً کووڈ-19 کے دوران، دونوں نے مل کر کام کیا تھا اور آئندہ بھی ایسا ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں وہ مسی ساگا میں 9 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری لائیں جس سے ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ ان کے مطابق شہر میں ایک لاکھ کاروبار اور پانچ لاکھ سے زائد ملازمتیں موجود تھیں جبکہ ان کے دور میں اوسط ٹیکس اضافہ 1.7 فیصد رہا۔

بونی کرومبی نے کہا کہ ان کے دور میں 77 ملین ڈالر کی بچت کی گئی اور اب بھی اخراجات کم کرکے شہریوں کیلئےدوبارہ استطاعت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان گھر خریدنے سے قاصر ہیں، کرایہ دار دو ہزار ڈالر سے زائد کرایہ ادا کر رہے ہیں، ٹریفک اور رش میں اضافہ ہو چکا ہے جبکہ جرائم اور عوامی تحفظ بھی شہریوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پیل ریجنل پولیس کے ساتھ کھڑی ہیں اور پولیس کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گی کیونکہ شہری گھروں میں چوری، گاڑیوں کی چوری اور پرتشدد جرائم میں اضافے پر تشویش رکھتے ہیں۔