یروشلم، بیروت(رائٹرز، اے ایف پی، اسرائیلی وزیرِاعظم کا دفتر)لبنان اور اسرائیل کے درمیان فریم ورک معاہدہ طے ہونے کے بعد اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ایک بار پھر کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ کے مبینہ عسکری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے ایک گاؤں میں حزب اللہ کی زیرِ زمین عسکری تنصیبات کو تباہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران تقریباً 200 میٹر طویل سرنگ کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق اس کارروائی سے قبل امریکا کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا۔
یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایک روز قبل اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی ثالثی میں لبنان کے ساتھ طے پانے والے فریم ورک معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا تھا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ایران اور حزب اللہ کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔ دوسری جانب اس حملے پر لبنان یا حزب اللہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

