تہران( ایرانی سرکاری میڈیا)ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ مفاہمتی یادداشت سے متعلق شائع ہونے والی کسی بھی تفصیلات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی، جبکہ اعلیٰ قیادت کے فیصلے سے قبل مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے وقت اور مقام کے بارے میں بھی کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی فیصلہ ساز اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت سے متعلق مشاورت جاری ہے اور بات چیت کے دوران بیشتر امور پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ داخلی مشاورت حتمی نتیجے تک پہنچنے کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، تاہم معاہدے کے قریب ہونے کے دعوے کوئی نئی بات نہیں ہیں، اصل مسئلہ دوسرے فریق کی جانب سے سامنے آنے والے متضاد بیانات ہیں۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام معاملات پر حتمی فیصلہ متعلقہ قیادت کی منظوری کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

