مفاہمت دوطرفہ معاملہ ہے، امریکا عمل کریگاتو ہم بھی ذمہ داریاں پوری کرینگے: ایرانی صدر

تہران( ایرانی میڈیا)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مفاہمت ایک دوطرفہ معاملہ ہے، اگر امریکا مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے گا تو ایران بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ غیر معقول شیخی بگھارنے اور بے بنیاد دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کا مؤقف بالکل واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ فیصلہ سازی میں عقل و دانش اور انسانی وقار کو بنیاد بنایا جائے، جبکہ ضرورت پڑنے پر ملک کے دفاع کیلئےفیصلہ کن اور نڈر مؤقف اختیار کیا جائے۔ایرانی صدر نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر جلد جاری کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کی منجمد رقوم میں سے نصف رقم ایران منتقل کی جائے گی۔مسعود پزشکیان کے مطابق یہ پیش رفت جاری مذاکرات اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود سامنے آ رہی ہے، تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے اور مختلف معاملات پر پیش رفت کا عمل جاری ہے۔