مکہ مکرمہ(سعودی محکمۂ حج و موسمیات)مناسک حج کا آغاز ہو گیا ہے اور دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج خیموں کے شہر منیٰ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق عازمین حج پیر کی رات منیٰ میں قیام کرینگے جبکہ منگل 9 ذی الحج کو حج کے رکن اعظم وقوفِ عرفہ کیلئے منیٰ سے عرفات روانہ ہوں گے۔
سعودی محکمۂ موسمیات کے مطابق منیٰ اور عرفات میں اس وقت شدید گرمی کی صورتحال ہے اور یومِ عرفہ کے روز بھی درجہ حرارت تقریباً 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
حج انتظامیہ کی جانب سے عازمین کی سہولت کیلئےمقدس مقامات پر سایہ دار جگہوں، مسٹ فین اور طبی سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ شدید موسم میں حجاج کرام کو ممکنہ حد تک سہولت فراہم کی جا سکے۔

