مکہ مکرمہ(سعودی خبر رساں ایجنسی، ایوانِ امورِ حرمین)خانۂ کعبہ کا نیا غلاف، جسے کسوہ کہا جاتا ہے، ہر سال کی روایت کے مطابق اس بار بھی یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا۔اس موقع پر روح پرور اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں نیا غلافِ کعبہ خانۂ کعبہ پر چڑھایا جائے گا۔
خادمِ حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نیابت میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران نیا غلافِ کعبہ کلید بردارِ کعبہ کے حوالے کر دیا گیا۔حرمین شریفین کے امور کے ذمہ دار ادارے کے مطابق غلافِ کعبہ کی تبدیلی اب ہجری سال کے آغاز، یعنی یکم محرم الحرام کو عمل میں لائی جاتی ہے۔
غلافِ کعبہ کی تیاری ایک طویل اور نہایت باریک عمل ہے، جس میں سیکڑوں کلو گرام خالص ریشم، چاندی اور سنہری دھاگوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔کسوہ پر قرآنی آیات اور اسلامی نقوش نہایت خوبصورتی سے کشیدہ کاری کے ذریعے تحریر کیے جاتے ہیں، جبکہ اس کی تیاری میں ماہر کاریگر کئی ماہ تک کام کرتے ہیں۔

