مکہ مکرمہ میں حج سیکیورٹی فورس کی کارروائی، 6 پاکستانی گرفتار

ریاض( سعودی پریس ایجنسی، عرب میڈیا)مکہ مکرمہ میں حج سیکیورٹی فورس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔سعودی حکام کے مطابق ایک پاکستانی شہری کو حج پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ میں قیام کرنے پر حراست میں لیا گیا، جبکہ دیگر 5 افراد پر بغیر اجازت عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنے کا الزام ہے۔

رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے حج سیزن کے دوران سخت سیکیورٹی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں، جن کے تحت بغیر پرمٹ مکہ مکرمہ میں داخلے، قیام یا سہولت فراہم کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو جرمانے، قید اور ملک بدری جیسی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ غیرقانونی سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی جاری ہے۔سعودی حکام نے زائرین اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ حج سے متعلق تمام قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔