اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بیرسٹر گوہر، ملک عامر ڈوگر اور پاکستان تحریک انصاف کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیے میں حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مہنگائی کی نئی لہر غریب طبقے کے مسائل میں مزید اضافہ کرے گی۔اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گندم بحران، کسانوں کو درپیش مشکلات اور زرعی شعبے کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ اپوزیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومتی پالیسیوں سے زرعی معیشت متاثر ہوئی ہے۔اجلاس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت اور اسپتال منتقلی کے معاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کےشرکاء نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئےسیاسی اور پارلیمانی جدوجہد جاری رکھی جائیگی جبکہ عدالتوں سے کسی قسم کے ریلیف کی توقع نہیں۔اجلاس کے اختتام پر بنوں کے شہداء اور مولانا محمد ادریس کیلئے خصوصی دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

