اوسلو ( بین الاقوامی میڈیا رپورٹس)بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے دورے کے موقع پر ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران ایک خاتون صحافی نے سخت سوالات اٹھائے۔
رپورٹس کے مطابق بریفنگ کے بعد صحافی نے بھارتی وزیرِاعظم سے آزاد میڈیا اور بنیادی حقوق سے متعلق سوال کیا، تاہم مودی نے سوال کو نظر انداز کرتے ہوئے روانگی اختیار کر لی۔بعد ازاں صحافی نے دوبارہ سوال کرنے کی کوشش کی لیکن لفٹ کا دروازہ بند ہو گیا، جس کے باعث وہ جواب حاصل نہ کر سکیں۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کی پریس بریفنگ کے دوران بھی میڈیا آزادی اور انسانی حقوق سے متعلق سوالات پر صحافی اور حکام کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔صحافی نے سوال اٹھایا کہ جب بھارت میں مبینہ طور پر بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں تو بین الاقوامی سطح پر اعتماد کیسے قائم ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حکومتی ترجمان نے سوال کے جواب کے بجائے اگلے صحافی کا سوال لینا شروع کر دیا، جس پر صحافی بریفنگ ہال چھوڑ کر چلی گئیں۔واقعے نے سوشل میڈیا اور بین الاقوامی حلقوں میں میڈیا آزادی اور حکومتی ردعمل پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

